حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شعبہ خدمت زائرین دفتر قائد ملت جعفریہ قم المقدس کی جانب سے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی چھبیسویں برسی حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ جس میں حوزہ علمیہ قم کے اساتید، علماء، طلاب، زائرین اور متحدہ علماء فورمگلگت بلتستان کے وفد نے خصوصی شرکت کی۔ قاری وحید صاحب نے تلاوت کلام مجید سے پروگرام کا آغاز کیا۔ مولانا اسد عباس نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ترانہ شہادت پڑھا۔
خادم حضرت معصومہ، مسول شعبہ زائرین ایران، عراق، شام سید ناصر عباس نقوی انقلابی نے اپنے مخصوص انداز میں برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی قائدین ملت جعفریہ علامہ سید محمد دہلوی، علامہ مفتی جعفرحسین، شہید قائد علامہ عارف حسینی اور موجودہ قائد علامہ سید ساجد علی نقوی کے ساتھ بھرپور انداز میں حقوق تشیع، دفاع تشیع اور ترویج تشیع میں کردار ادا کرتے رہے۔ ہم شہید ڈاکٹر نقوی سے تجدید عہد کرتے ہیں کہ جو ان کا دیا ہوا سسٹم اور راستہ پر ہم اسی پہ چلتے رہیں گے۔
خادم حضرت معصومہ سید ناصر عباس انقلابی نے مزید کہا کہ جس طرح شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے قومی پلیٹ فارم تحریک جعفریہ اور قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا تادم شہادت ساتھ دیتے رہے ہم بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قومی قیادت اور پلیٹ فارم کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے۔
شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے قریبی ساتھی، استاد حوزہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ غضنفر علی حیدری نے برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہید کی ولادت سے لے کر شہادت تک ان کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شہید کے ساتھ گزرے لمحات اور مختلف واقعات کو بھی بیان کیا۔ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی قوم و ملت کیلئے خدمات اور ان کی ذاتی خصوصیات کو تفصیلی طور پر بیان کیا۔ پروگرام کے آخر میں پاکستان سے تشریف لائے ہوئے معروف نوحہ خواں قربان جعفری نے نوحہ خوانی کی۔ مسول شعبہ خدمت زائرین سید ناصر عباس انقلابی نے تمام علماء، طلاب، زائرین سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔